نئی دہلی، 14؍مارچ(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )صدرجمہوریہ کی بیٹی اور کانگریس ترجمان شرمشٹھا مکھرجی نے اپنی پارٹی پر صدر کا احترام نہ کرنے کاالزام لگایاہے۔ دراصل کانگریس کے آفیشیل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ایک پرانی اور بلیک اینڈ وائٹ تصویر پوسٹ کی گئی تھی جس میں ملک کے سابق وزیر اعظم مرحوم راجیو گاندھی اور ملک کے موجودہ صدر پرنب مکھرجی نظر آ رہے تھے۔ تصویرکے ساتھ انگریزی میں کیپشن لکھاتھا’’مسٹرراجیوگاندھی اور پرنب مکھرجی 1985‘‘۔ اسی کے جواب میں شرمشٹھا مکھرجی نے منگل کو کانگریس کے تئیں اپنی ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ پرنب مکھرجی کے نام کے آگے ’’مسٹر‘‘توشامل ہی کرنا چاہئے کیونکہ وہ ہندوستان کے موجودہ صدرہیں۔ تاہم شرمشٹھا کے اس ٹویٹ کے بعد کانگریس کے ٹوئٹر اکاؤنٹ ہینڈل سے پہلے وہ ٹویٹ خارج کردیاگیااور پھر اسے صحیح کرکے (صدر کے نام کے آگے مسٹر لگا کر)شیئرکیاگیا۔